بلاول بھٹو اچھی سیاست کر رہے ہیں—خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد (مایٹرنگ ڈیسسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے پوری امید ہے کہ وہ (ن) لیگ کا ساتھ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری بہت اچھی سیاست کر رہے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نے کہا کہ وہ عوامی لوگ ہیں جب کے ان کے مد مقابل افراد جماعتیں بدلنے کے ماہر ہیں۔
پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان جیسی عوامی خدمت کی مثال نہیں ملتی اور ان کی گرفتاری سے ن لیگ کی مفاہمتی سوچ کو دھچکا لگا ہے۔
اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت ایسے ہتھکنڈوں سے ن لیگ کی ساکھ خراب کرنا چاہتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی تبدیلی نہیں لائی، تبدیلی صرف سیاسی نعرہ تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عمران خان انتقامی کاروائی سے باز نہیں آئے تو حکومت مدت پوری نہیں کرے سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سیاسی ماحول ٹھیک نظر نہیں آ رہا لیکن لیگ کی جیت یقینی ہے کیونکہ عوام پارٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گرفتاری کے لیے تیارہیں کیونکہ ان کا دامن صاف ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بارے میں بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر پسماندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو تحصیل کامیابی سے نہیں چلا سکے وہ پنجاب کیسے چلائیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ جس صوبے کی حکمرانی 4,5 ہاتھوں میں ہووہ صوبہ اچھے طریقے سے نہیں چل سکتا ہے۔
شو میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ این اے -131 ن لیگ کا گڑھ ہے جسے وہ گرائیں گے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جڑیں اس حلقے میں مضبوط ہیں جب کہ مخالفین قبضہ گروپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو معلوم ہے کہ پاکستان میں اب تحریک انصاف کی حکومت ہے۔
خواجہ سعد رفیق پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غلط بیانی کرنا ان کی پرانی عادت ہے۔ آشیانہ ہاوؑسنگ اسکینڈل میں نہ صرف شہباز بلکہ سعد رفیق بھی برابرکے شریک ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنان ان کے ساتھ ہیں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ووٹر بھی انہیں ووٹ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں