چین اور پاکستان کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے—کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان

کمشنر ڈیرہ جاویدخان مروت نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی سمندر سے گہری ۔ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ملک سعد شہید سپورٹس ٹرسٹ کے زیر اہتمام چینی سفارتخانے کے تعاون سے فٹ بال ،والی بال ، باسکٹ بال اورٹیبل ٹینس کے سامان کی تقسیم کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں اسلامیہ سکول میں منعقدہ پروقارتقریب سے کیا ۔تقریب سے سکول کے پرنسپل عطاء اللہ ،معروف کالم نگارابن آدم ،پرنسپل قیصر انور،سابق ڈی پی ای کالم نواز،سابق ڈائریکٹرسپورٹس گومل یونیورسٹی اعظم خان بلوچ ، سلیم شہزاد اورملک سعدشہیدسپورٹس ٹرسٹ کے انچارج احمد نوازملیزئی نے بھی خطاب کیا۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے مختلف اکیڈمیوں کے لئے بھیجا جانے والا سامان تقسیم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چین کے سفارت خانہ کی جانب سے ٹرسٹ کو جو سامان بھیجا گیا تھا اسے امانت کے طور کھلاڑیوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے کھلاڑی نہ صرف صوبائی بلکہ قومی ٹیموں میں جگہ بنا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
جاوید مروت نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ ضروری ہے ۔ جس علاقے میں کھیل کے میدان آبادہوں گے وہاں کے ہسپتال ویران ہوں گے ۔کمشنر ڈیرہ جاویدخان مروت نے کہاکہ کھیلوں کی اہمیت سے انکارنہیں کیاجاسکتا ۔کھیلوں کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے ۔ترقی ، علم اورخوشحالی کاہماراسفرجاری رہے گا ۔ ہمیں اپنے آپ کو، اپنے اداروں کواوراس مٹی کونہیں بھولناچاہیے ۔مقررین نے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کی جانب سے کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیون کی فلاح و بہبود کئے گراں قدر خدمات کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ ٹرسٹ ڈیرہ اسماعیل کان میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرے تاکہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے بہترین مواقع میسر آ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں